پیغمبرِاسلام کی توہین آزادی اظہار نہیں

قرآن میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ ‘حق آیاگیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے کیلئے ہی ہے’۔ باطل کیا ہے؟، ہر وہ بات، عمل، انداز اور کردار جو سچائی، حقیقت اور فطرت کے بر خلاف ہو وہ سب باطل ہے۔ یہ ایک عالم گیر سچائی ہے اور اسے جھٹلانا ناممکن ہے۔ باطل جب تک فنا نہ کردیا جائے اس وقت تک ابتری، بے کیفیت، بے چینی اور ہیجانیت کا خاتمہ ممکن ہی نہیں اور جب تک یہ ساری کیفیات موجود رہیں گی اس وقت تک امن اور بھائی چارگی کے قیام کو معاشرے میں ممکن بنایا ہی نہیں جا سکتا۔

ایک طویل مدت سے آزادی اظہار کے نام پر پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی توہین ایک تسلسل کے ساتھ کی جارہی تھی۔ سوشل میڈیا اس بات پر تل گیا تھا آپ ﷺ کی جس حد تک بھی ممکن ہو، توہین کرنے کی، تضحیک کرنے کی اور نعوذباللہ مذاق اڑانے کی کوشش کی جائے جس کی وجہ سے تمام عالم اسلام میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا تھا۔ ہر مرتبہ کی توہین، گستاخانہ خاکوں اور تحریروں کے بعد پورے عالم اسلام میں ایک ہلچل مچ جاتی تھی، جلوس نکالے جاتے تھے، جلسے ہوتے تھے اور دنیا کے کونے کونے میں صدائے احتجاج بلند کی جاتی تھی۔ اس احتجاج میں صرف مسلمان ہی شریک نہیں ہوتے تھے بلکہ حقیقت کو سمجھنے والے اور زمینی حقائق پر نظر رکھنے والے غیر مسلموں کی بھی ایک بڑی تعداد مسلمانوں کی ہم زبان بن جایا کرتی تھی جو اس بات کی علامت تھی کہ پاک ہستیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی تضحیک ایک ایسا عمل ہے جو فطرت انسان کی برداشت سے باہر ہے۔

اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو نہ صرف اب تک بھیجے جانے والے تمام انبیا علیہ السلام کو مانتا ہے بلکہ وہ دیگر مذاہب کے مذہبی پیشواؤں کی عزت و احترام کو بھی نہ صرف دل سے تسلیم کرتا ہے بلکہ ان کی بھی وہی عزت و تعظیم کرتا ہے جو اللہ کے ولیوں اور پیغمبروں کو دی جاتی ہے۔ جس انداز میں پیغمبر رسولﷺ کی توہین کی جاتی رہی اس کے جواب میں مسلمانان عالم وہ سب کچھ نہیں دہراسکتے تھے جو کچھ ‘باطل’ کررہا تھا کیونکہ ہر پاک ہستی مسلمانوں کیلئے محترم اور قابل تعظیم سمجھی جاتی ہے لہٰذا یہ ممکن ہی نہیں تھا کہ پیغمبر اسلام کی توہین کے جواب میں دیگر مذاہب کی پاک ہستیوں یا ان کے رسولوں اور پیغمبروں کی تضحیک کی جاتی۔ ممکن ہے توہین کے جواب میں وہ منتظر ہوں کہ مسلمان بھی ان کے رسولوں اور پیغمبروں کی تضحیک پر اتر آئیں اور ان کو اس بہانے فتنہ و فساد مچانے کا موقعہ مل جائے لیکن دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان کی پستی تک گرجانا گوارہ کرنے کی بجائے احتجاج کی راہ اختیار کی اور کسی بھی متشددانہ رویہ اختیار کرنے کی بجائے دنیا بھر میں پر امن صدائے احتجاج بلند کی جس کا آخرِکار اللہ کے فضل و کرم سے ایک اچھا نتیجہ نکل آیا اور دنیا کو تسلیم کرنا پڑا کہ ہر قسم کی بے غیرتی کو اظہار رائے کے حق کا نام نہیں دیا جا سکتا۔

پوری دنیا کے مسلمانوں کو نوید ہو کہ ان کی آواز احتجاج اور اس سلسلے میں ان کی جدوجہد رنگ لے آئی۔ خبروں کے مطابق ” یورپی یونین کی عدالت برائے انسانی حقوق (ای ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ پیغمبرِ اسلام کی توہین آزادیِ اظہار کی جائز حدوں سے تجاوز کرتی ہے، اور اس کی وجہ سے تعصب کو ہوا مل سکتی ہے اور اس سے مذہبی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ یہ فیصلہ عدالت نے جمعرات کے دن پیغمبرِ اسلام کے بارے میں توہین آمیز کلمات کہنے والی آسٹریا سے تعلق رکھنے والی ای ایس نامی خاتون کے خلاف سزا کے فیصلے کی اپیل پر صادر کیا۔ عدالت نے کہا کہ ای ایس کے خلاف فیصلہ ان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے”۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “فرانس کے شہر سٹراسبرگ میں واقع ای ایچ سی آر نے فیصلہ دیا کہ آسٹریا کی عدالت نے خاتون کو سزا دیتے وقت ‘ان کی آزادیِ اظہار اور دوسروں کے مذہبی احساسات کے تحفظ کے حق کا بڑی احتیاط سے توازن برقرار رکھا ہے۔ اس خاتون نے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور انھیں صرف ای ایس کہا جاتا ہے، 2008 اور 2009 میں’ اسلام کے بارے میں بنیادی معلومات کے عنوان کے تحت مختلف تقاریر میں پیغمبرِ اسلام کے بارے میں چند کلمات ادا کیے تھے جن کی پاداش میں ان پر ویانا کی ایک عدالت میں مقدمہ چلا اور عدالت نے انھیں فروری 2011 میں مذہبی اصولوں کی تحقیر کا مجرم قرار دیتے ہوئے 480 یورو کا جرمانہ، مع مقدمے کا خرچ، عائد کر دیا۔ اس فیصلے کو آسٹریا کی اپیل کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔ اس کے علاوہ 2013 میں سپریم کورٹ نے بھی اس مقدمے کو خارج کر دیا تھا۔ اب ای سی ایچ آر نے کہا ہے کہ آسٹریا کی عدالت کا فیصلہ مذہبی امن و امان برقرار رکھنے کا جائز مقصد ادا کرتا ہے۔ یہ فیصلہ ججوں کے سات رکنی پینل نے دیا۔ اپنے فیصلے میں ای سی ایچ آر نے کہا کہ عدالت کو معلوم ہوا کہ مقامی عدالتوں نے سائل کے بیانات کا بھرپور جائزہ لیا اور انھوں نے ان کی آزادیِ اظہار اور دوسروں کے مذہبی احساسات کو حق کے درمیان بڑی احتیاط سے توازن برقرار رکھا ہے، اور آسٹریا میں مذہبی امن و امن برقرار رکھنے کے جائز حق کی پاسداری کی ہے۔  اس کے بعد ای ایس نے یورپی یونین کے قانون کی انسانی حقوق کے بارے میں شق 10 کا سہارا لیتے ہوئے یورپی عدالت میں اپیل کی تھی کہ مقامی عدالتیں ان کی آزادیِ اظہار کے حق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہیں”۔

یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے جس عدالت نے یہ فیصلہ صادر کیا ہے وہ عدالت کل 47 ججوں پر مشتمل ہے جن کے نام یورپی یونین کے رکن ممالک تجویز کرتے ہیں جب کہ ان کا انتخاب کونسل آف یورپ کی پارلیمانی اسمبلی کرتی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں یہ بات بھی درج کی گئی ہے کہ “ای ایس نامی آسٹرین خاتون نے اسی سلسلے میں مقدمہ دائر کیا تھا کہ آسٹریا کی مقامی عدالتوں نے ان کے آزادیِ اظہار کے بنیادی حق کا تحفظ نہ کر کے یورپین کنونشن برائے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ مقدمہ انسانی حقوق کی شق 10 کے تحت درج کیا گیا تھا تاہم ان کی اپیل مسترد ہو گئی”۔

یہ شق نمبر 10 کیا ہے؟، شق نمبر 10 میں جہاں آزادی رائے کا حق دیا گیا ہے وہیں دوسرے حصے میں آزادیِ اظہار پر قدغنیں بھی لگائی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ آزادیِ اظہار کے ساتھ فرائض اور حقوق بھی شامل ہیں، اور یہ آزادی کسی جمہوری معاشرے کے قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے رسومات، حالات، ضوابط کے ماتحت ہے اور اس کی آڑ میں کسی کے جذبات مجروح نہیں کیے جا سکتے۔

ممکن ہے کہ یہ فیصلہ آنے کے بعد یہ تحریک بھی چلائی جائے کہ یورپین ممالک بہت معتدل مزاج ہوتے ہیں اور وہ کسی بھی متصبانہ اور امتیازی رویے کو اپنا شعار نہیں بناتے۔ مان لیتے ہیں کہ اس فیصلے کی روشنی میں ایسا کہنا اور سمجھ لینا درست ہی ہے اور ہم (مسلمان) اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں لیکن یہ سمجھ لینا کہ یورپ معتدل پسند، آزاد خیال اور ہر قسم کی آزادی کا قائل ہے اور پوری دنیا کے مذاہب اور انسانوں کے ساتھ اس کا رویہ غیرامتیازانہ ہے تو ایسا بالکل بھی نہیں ہے کیونکہ ہر معاملے میں ان کے دہرے معیارات واضح اور صاف صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس فیصلہ پر مسلمان خوش سہی اور ہونا بھی چاہیے اس لئے کہ وہ آپ ﷺ کی ہستی پر کوئی سمجھوتا کر ہی نہیں سکتے تھے لیکن اس مقدمے کا فیصلہ مسلمانوں کے حق میں آجانا محض اس لئے ہے کہ بے شک پوری دنیا میں مسلمان ہر معاملے میں منقسم ہیں لیکن توہین ذات اقدس ﷺ پردنیا کا ہر مسلمان یک آواز تھا جو دنیائے کفر کیلئے ایک خوفناک بات تھی۔ دنیا اچھی طرح اس بات سے واقف ہے کہ مسلمان ان کے (یورپ اور امریکا کے) ملکوں میں کروڑوں کی تعداد میں آباد ہیں۔ وہ اس بات سے بھی اچھی طرح واقف ہیں کہ وہ کتنے ہی منقسم کیوں نہ ہوں لیکن آپ ﷺ کی ذات پر گناہگار سے گناہگار مسلمان بھی ایمان پر جان کو ترجیح نہیں دے سکتا۔ وہ واقف تھے کہ اگر بات بڑھ گئی تو پھر خود ان کے ملکوں میں امن و امان کی صورت حال تہہ و بالا ہوکر رہ جائے گی اس لئے مسلمانوں کے خلاف فیصلہ آنا ان کیلئے کوئی نیک شگون نہیں تھا۔

یہاں اس بات کو سمجھنا تمام مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ دفاعی لحاظ سے مسلمانوں کو مضبوط ہونا بے شک بہت ضروری سہی لیکن اگر اپنے اپنے سارے چھوٹے بڑے اختلافات بھلا کر وہ سب ایک صفحے پر جمع ہوجائیں تو دنیا کا خطرناک سے خطرناک ہتھیار رکھنے والا ملک بھی ان کے آگے ریت کی دیوار بن جائے گا۔ اقبال (رح) نے کیا سچی بات کہی ہے کہ

کافر ہو تو شمشیر پہ کرتا ہے بھروسہ

مسلم ہو تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی

لہٰذا پوری دنیا میں اپنے حقوق منوانے اور اسلام کو غالب کرنے کیلئے ضروری ہے کہ

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے

نیل کے ساحل سے لے کر تابہ خاک کاشغر

حبیب الرحمن ایک کہنہ مشق قلم کار ہیں وہ بتول، اردو ڈائجسٹ، سرگزشت، سنڈے میگزین(جسارت)، جسارت اخبار میں "صریر خامہ" ٹائیٹل اور کچھ عرحہ پہلے تک "اخبار نو" میں "عکس نو" کے زیر عنوان کالم لکھتے رہے ہیں۔انہوں نے جامعہ کراچی سے سیاسیات میں ماسٹرز کیا ہے۔معالعہ اور شاعری کا شوق رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here