جلدی سے مجھے میرا بیگ دے دیں مجھے دیر ہو رہی ہے۔ میرے بیٹے نے دروازہ پر کھڑے اپنے جوتے پہنتے ہوئے مجھے آواز دی۔ وہ اسکول جانے کی جلدی میں تھا۔ آج غالباً اسکے اسکول میں ایک تقریری مقابلہ تھا۔جس میں شرکت کیلئے اس نے بہت تیاری کر رکھی تھی۔ میں جلدی سے اسکا بیگ لائی اور اسکو تھماتے ہوے دعائیں دیں۔ وہ جاتے جاتے ایک دم پیچھے کی طرف مڑتے ہوئے بولا۔ماما دعا کرنا میری کوئی پوزیشن آئے مجھے صرف Participation Certificate نہیں چاہیے۔ میں نے پوچھا کیا مطلب؟ اس نے کہا واپس آ کر بتاؤں گا۔
اسکے جانے کے بعد میں گھر کے کاموں میں مصروف العمل رہی۔ اتنے میں اسکے آنے کا وقت ہو گیا۔واپسی پر وہ بہت خوش تھا کیونکہ وہ دوسرے نمبر پر جیت گیا۔ اس نے دوسری پوزیشن کا سر ٹیفکیٹ میرے ہاتھ میں تھماتے ہوئے پرجوش انداز میں کہا ماما میں بہت خوش ہوں کیونکہ میری پوزیشن آئی ہے بھلے دوسری مگر مجھے صرف Participation Certificate نہیں ملا۔میں نے اشتیاق سے پوچھا کہ کیا مطلب؟وہ کہنے لگا، دیکھیں ماما جب آپ کسی مقابلے میں حصہ لیتے ہیں تو دو طرح کے سر ٹیفکیٹ آپکو ملتے ہیں۔ایک امتیازی یعنی پوزیشن پر لیا گیا اور دوسرا صرف حصہ لینے کا مطلب Participation جسکا مطلب ہے کہ آپکی کوئی پوزیشن نہیں مگر صرف اس مقابلے میں شریک ہونے کی وجہ سے آپکو یہ ملا ہے۔ماما یہ دوسرا والا سر ٹیفکٹ مجھے با لکل اچھا نہیں لگتا۔میں نے پوچھا کیوں بیٹا کم از کم وہ آپکو شمولیت پر آپکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آپکو یہ دیتے ہیں مجھے یہ کافی خوش آئند اقدام لگتا ہے۔میں جو بہت انہماک سے اسکو سن رہی تھی اسکی بات کو روک کر اسکو اپنی رائے دیتے ہوئے کہا۔اس پر وہ منہ بسور کر بولا نہیں ماما یہParticipation Certificate مجھے ہمیشہ یاد کرواتا ہے کہ میں نے کسی مقابلے میں صرف شمولیت اختیار کی تھی مگر میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے میں ناکام رہااور تماشائیوں کی طرح صرف تالیاں بجاتا رہا جبکہ میں تو مقابلے کا اہل تھا نا کہ صرف تماشائی جو صرف دیکھنے آئے تھے ان میں اور مجھ میں پھر کیا فرق رہا؟ میں اس کے سوچنے کے انداز پر بہت حیران ہوئی اسکی بات مکمل ہوئی تو میں نے کہا کہ بیٹا ہار جیت تو زندگی کا حصہ ہیں کبھی پوزیشن اور کبھی صرف شمولیت۔اس پر اس نے کہا کہ ماما جب آپ اہل ہیں توا سٹیج پر موجودہیں آپ میں اہلیت تھی تو آپ وہاں تک گئے ورنہ آپ بھی تماشائیوں کی طرح تالیاں بجاتے۔ اب وہاں گئے ہیں تو میں پوزیشن سرٹیفکیٹ ہی لاؤں گا اپنا سو فیصد دے کر۔اسکا عزم دیکھ کر میرے دل سے اسکی کامیابی کے لیے بہت دعائیں نکلیں۔
مگر بعد ازاں میں نے سوچا زندگی میں ہم نے اس بات پر کبھی غور کیا کہ ہم یہاں صرف شمولیت کا سر ٹیفکیٹ لینے آئے ہیں اللہ سبحانہ تعالیٰ کے سامنے کوئی امتیازی پوزیشن نہیں لینی؟ مگر کیا یہ اتنا آسان ہے؟ ہر مکمل اور اچھی چیز کا حصول اتنا آسان نہیں ہوتا مگر نا ممکن بھی نہیں ہے۔اسٹیج تک پہنچنے کیلئے پہلے خود کو اسکا اہل کرنا ہوگا تو کیا یہ حقوق اللہ کا دائرہ مکمل کرنے سے ممکن ہے تو ہاں شاید اس سے ہم اس اسٹیج پر پہنچ ضرور جائیں۔مگر پوزیشن کا سر ٹیفکیٹ لینے کے لیے حقوق العباد کا دائرہ مکمل کرنا پڑے گا اور اسکی تکمیل اسی صورت ممکن ہے اگر ہم اعلیٰ ظرفی دیکھتے ہوئے لوگوں سے رشتوں میں پوزیشن سر ٹیفکیٹ لینے کی کاوش کریں تو کیا یہ اتنا آسان ہے؟ نہیں شاید یہ بہت مشکل ہے کبھی کبھی آپکو ناممکن بھی لگے گاکیونکہ اللہ سبحانہ تعالیٰ رحمان ہیں،رحیم ہیں اپنے معاملات میں وہ سخت تو ہیں مگر وہ مان جاتے ہیں، جہاں سے بھی پلٹ جاؤ اپنی آغوش میں لے لیتے ہیں،محنت لگن اور محبت اور تسلسل سے ہم حقوق اللہ تو پورے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور اسکی رحمت سے امید کرتے ہوئے ہم اسٹیج پر پہنچ جائیں اور اگر وہ چاہے تو ہم پوزیشن بھی لے لیں۔مگر حقوق العباد کو مکمل کرنا بہت مشکل ہے اسکے لئے ہمارا واسطہ انسانوں سے پڑتا ہے جن کے حقوق و فرائض کی ادائیگی کے معاملات بہت گراں ہیں دونوں اطراف کے لیے۔ آپکا معمولی سا اقدام کسی کی دل آزاری کا سبب بن سکتا ہے،آپکا کہا ایک لفظ کسی کا پورا دن خراب کر سکتا ہے،آپکا لہجہ کسی کے آنسو کی وجہ ہو سکتا ہے۔ تو اس جگہ آپکو پوزیشن سر ٹیفکیٹ کے لیے اپنے رشتے اور اپنے سے منسلک لوگوں سے انکی زندگی میں اپنی پوزیشن صاف کرنی ہوگی۔مکمل نہ سہی کچھ کامیابی حاصل کرنے میں آپ کامیاب ہو جاتے ہیں توا سٹیج پر پہنچ کر پوزیشن سر ٹیفکیٹ بھی لے لیں گے۔ رویے بہتر کریں انکو اپنی محنت سے سنوارنے کی کوشش کر کے دوسروں کا احساس کر سکتے ہیں۔ان شاء اللہ
