فضائل النبیﷺ… آیاتِ قرآنی کی روشنی میں

سید المرسلین، خاتم النبیین محمدالرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کا اوّلین اور مستند ترین تحریری ماخذ قرآن مجید ہے۔ قرآن مجید کی روشنی میں آپﷺ کی سیرتِ طیبہ اور فضائل و خصائص پر عربی اور اردو میں متعدد کتابیں لکھی جاچکی ہیں۔ پیشِ نظر کتاب بھی آیاتِ قرآنی کی روشنی میں رسول اللہﷺ کے فضائل پر مشتمل ہے۔

اس کتاب کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں فاضل مؤلف نے قرآن مجید کی ترتیب کے مطابق سورت وار رسول اللہﷺ کے فضائل و مناقب کا جائزہ لیا ہے اور مدلل اسلوب میں وضاحت کے ساتھ انہیں پیش کیا ہے۔ چنانچہ جن سورتوں میں یہ موضوع تفصیل کے ساتھ موجود ہے، وہاں تفصیل سے کلام کیا ہے، اورجہاں یہ مضمون مختصراً ذکر ہوا ہے، وہاں اختصار ہی کو پیش نظر رکھا ہے۔ فاضل مؤلف کی نکتہ رسی قابلِ تحسین ہے۔

یہ کتاب معروف مراکشی عالم ابوالفضل عبداللہ بن ابو عبداللہ شمس الدین محمد بن صدیق الغماری (1910ء۔1993ء) کی تالیفِ لطیف ’’فضائل النبیﷺ فی القرآن‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔کتاب کا خوب صورت اردو ترجمہ مولانا ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری (مقیم امریکہ) نے کیا ہے۔

ڈاکٹر حقانی رقم طراز ہیں:
’’فاضل مؤلف نے آیاتِ قرآن سے جس طرح فضائل و خصائص کا استنباط کیا ہے، وہ بہت مدلل، مضبوط اور لائقِ استحسان ہے۔ اس دورِ پُرفتن میں جب مسلمانوں کو اپنی قوت کے احیا اور غلبے کے لیے بے شمار چیلنج درپیش ہیں، سیرت نگاری کا تقاضا یہی ہے کہ سیرتِ نبویؐ قرآنی امت کو پیش کی جائے، تاکہ محبتِ رسولؐ کی افادیت واہمیت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مزید نمایاں ترکیا جائے۔‘‘

بلاشبہ اپنے موضوع پر یہ ایک منفرد، جامع اور مستند کتاب ہے۔ فاضل مؤلف اور مترجم کو اللہ تعالیٰ اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین