برطانوی تحقیق میں ہزاروں افراد کے مطالعے کے بعد کہا گیا ہے کہ کئی کیمیائی عوامل سے گزاری گئی غذاؤں سے نہ صرف معدے کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے بلکہ ان سے قبل از وقت موت کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل (بی ایم جے) میں کہا گیا ہے کہ خشک کیے گئے، مصنوعی اجزا اور کیمیکل ملائے گئے کھانوں اور غذاؤں کو طویل عرصے تک کھانے سے امراضِ قلب، ذیابیطس، بلڈ پریشر اور سب سے بڑھ کر اب معدے کے سرطان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور یوں زندگی کا دورانیہ مختصر ہوجاتا ہے۔ ان کھانوں میں چپس، فاسٹ فوڈ، آئس کریم، پیک شدہ گوشت، پیکنگ میں بند سوپ، پیک شدہ کباب، نگٹس، فرائیز اور مٹھائیاں وغیرہ شامل ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ دکانوں میں ان کی تازگی بڑھانے کے لیے طرح طرح کی اشیا ملائی جاتی ہیں اور کئی مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ دوسری جانب زائد نمک، بھرپور مٹھاس اور چکنائیاں بھی شامل کی جاتی ہیں۔ ماہرین نے دنیا بھر کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان غذاؤں سے منہ موڑ لیں اور کم پروسیسنگ والی تازہ غذاؤں کا انتخاب کرکے اپنی صحت بہتر بنائیں۔ اس ضمن میں انہوں نے سخت قانون سازی پر بھی زور دیا ہے۔

