عیدالاضحی کے بعدپیٹ درد کی بیماریوں میں اضافہ

عیدالاضحی کے بعد سرکاری اسپتالوں میں گیسٹرو، پیٹ درد، ڈائریا اور بسیار خوری کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔جناح اسپتال میں یومیہ گیسٹرو، پیٹ درد، ڈائریا اور بسیار خوری کے مجموعی طور پر 300 سے 400 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، عید سے اب تک تقریباً 1200 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ عید کے بعد شہریوں کی خوراک میں تبدیلی آجاتی ہے، اکثر خواتین وقت کی کمی کے سبب گوشت کو مکمل طور پر پکا نہیں پاتیں، اس طرح کچا گوشت کھانے سے بھی پیٹ درد کی شکایت ہوتی ہے۔کچھ شہری پورا دن گوشت کے پکوان کھا رہے ہوتے ہیں، اکثر افراد من پسند پکوان دیکھ کر بسیار خوری پر بھی اتر آتے ہیں، جس سے ان کے معدے پر زور پڑتا ہے، ایمرجنسی میں آتے ہیں، جن میں سے 30 فیصد مریض گیسٹرو، پیٹ درد، ڈائریا اور بسیار خوری کی شکایت کرتے ہیں۔پروفیسر شاہد رسول نے بتایا کہ اضافی مقدار میں گوشت کھانا انسانی جسم کے لیے صحت بخش نہیں، ویسے بھی ہم ڈاکٹر سب کو ہدایت کرتے ہیں کہ متوازن غذا کا استعمال کریں، کھانے کو وقت کے ساتھ مینج کرنا سیکھیں، شہری آلودہ پانی سے بنے چٹ پٹے کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ ڈائریا اور قے کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہے۔